بالآخر پہلی مرتبہ فیس بک کا آپ کی صحت کے لئے واحد فائدہ سامنے آگیا

ماہرین صحت فیس بک کے کئی طبی نقصانات سے ہمیں آگاہ کرتے رہتے ہیں لیکن اب پہلی بار سائنسدانوں نے اس کا ایک ایسا طبی فائدہ بھی بتا دیا ہے کہ سن کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق امریکہ کی یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سین فرانسسکو کے سائنسدانوں نے تحقیقاتی نتائج میں بتایا ہے کہ فیس بک سے نوجوانوں کو سگریٹ نوشی ترک کرنے میں بے حد مدد مل سکتی ہے۔ اس وقت سگریٹ نوشی چھوڑنے کے لیے کئی آن لائن پروگرامز موجود ہیں لیکن فیس بک کے ذریعے اگر نوجوانوں کو سگریٹ نوشی کی ترغیب دی جائے تو یہ دیگر پروگرامز سے کئی گنا زیادہ مو¿ثر ثابت ہوسکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں نے اس تحقیق میں 21سے 30سال عمر کے 500نوجوانوں کو شامل کیا جن میں 45فیصد لڑکے اور 55فیصد لڑکیاں شامل تھیں۔ ان میں 87فیصد ایسے تھے جو باقاعدہ سگریٹ نوش تھے اور یہ تمام افراد سگریٹ نوشی ترک کرنے کے خواہش مند بھی نہیں تھے۔ تحقیقاتی ٹیم کی سربراہ ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈینیئلی ریمو کا کہنا تھا کہ ”ہم نے ایک فیس بک گروپ بنایا اور ان نوجوانوں کواس گروپ کے ذریعے تین ماہ تک کونسلنگ فراہم کرتے رہے۔ گروپ میں ہفتہ وار سوال و جواب کے سیشن بھی کرائے گئے اور براہ راست رویوں پر بھی مشاورتی مجالس کا اہتمام کیا گیا۔ تین ماہ بعد ہمارے سامنے حیران کن نتائج سامنے آئے۔ اس طریقے سے نوجوانوں کے سگریٹ نوشی ترک کرنے کی شرح دیگر پروگرامز کی نسبت اڑھائی گنا زیادہ تھی۔ حالانکہ دوسرے پروگرامز کے برعکس اس پروگرام میں شریک نوجوانوں کی اکثریت سگریٹ نوشی ترک کرنے کی خواہش بھی نہیں رکھتی تھی۔“

Author: News Editor

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.