یورپی ملک اٹلی میں شدید زلزلے کے باعث کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ایک گھنٹہ گھر منہدم ہوا ہے، زلزلے کے باعث وسطی اٹلی میں ٹرین سروس اور سکولز بند کردیے گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اٹلی کے وسطی علاقے مارکے میں شدید زلزلہ آیا ہے جس کے باعث بہت سی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ایک گھنٹہ گھر بھی منہدم ہوگیا ہے۔ اس علاقے میں 2016 میں بھی زلزلہ آیا تھا جس کی شدت 6 اعشاریہ 2 ریکارڈ کی گئی تھی۔ 2 برس قبل آنے والے زلزلے میں 300 لوگ ہلاک ہوئے جبکہ انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا تھا۔
امریکن جیولوجیکل سروے کے مطابق اٹلی کے علاقے مارکے میں زلزلہ مقامی وقت کے مطابق آج (منگل کی)صبح 5 بج کر 11 منٹ پر آیا جس کی شدت ریکٹر سکیل پر 4 اعشاریہ 7 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس کا مرکز اٹلی کا پہاڑی علاقہ موسیا تھا۔ زلزلے کے بعد حفظ ماتقدم کے طور پر ٹرین سروس معطل کردی گئی ہے تاکہ ٹریک کو چیک کیا جاسکے جبکہ سکولز بھی بند کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
Load/Hide Comments