تاجروں کے الیکشن خدمت کی بنیاد پر لڑ رہے ہیں،تاجرو دوست پینل کے صدارتی اُمیدوار سید فاروق شاہ

تاجرو دوست پینل کے صدارتی اُمیدوار سید فاروق شاہ نے کہا ہے کہ تاجروں کے الیکشن خدمت کی بنیاد پر لڑ رہے ہیں ۔ تاجر دوست پینل پورے منشور اور پروگرام کے ساتھ انجمن تاجران کے الیکشن میں تاجروں کی حمایت سے کامیاب ہو گا۔ تاجر دوست پینل کا مقصد تاجروں کی خدمت کرنا ہے ، تعمیری سوچ کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ۔ ہمارے مخالفین محض تخریب کاری کے لیے سر گرم عمل ہیں ۔ انجمن تاجران کی سابقہ باڈی کے احتساب کی باتیں کرنے والے اور آئین میں ترمیم کے نعرے لگانے والے تاجروں کا بھاری مینڈیٹ لے کر تین سال تک چوہے اور بلی کے کھیل میں مصروف رہے۔ انجمن تاجران پر مخصوص گروپ نے قبضہ کر رکھا ہے جو حکومت اور انتظامیہ کے خلاف متوازی نظام لا کر ذاتی پروٹیکشن میں مصروف ہے۔ تاجر ایسی کالی بھیڑوں کو ووٹ کی پرچی سے بے نقاب کریں گے ۔ باغ کے با شعور تاجر وں نے تاجر دوست پینل کے ساتھ وفا کی ٹھان لی ہے ۔ آٹھ اپریل کو فتح انتخابی نشان تالے کی ہو گی ۔ تاجروں سے بھاری مینڈیٹ لے کر آسمان پر ٹھوکنے والوں کے دن گنے جا چکے ہیں ۔ داغدار لوگ تاجروں کی خدمت کے اہل نہیں ۔ تاجروں کے الیکشن کو ہائی جیک ہونے نہیں دیں گے۔ افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ، تین سال تک تاجروں کے ساتھ انجمن تاجران کے نام پر کھلواڑ کیا گیا ۔ باغ کی تاجر برادری کی فلاح و بہبود اور تجارت کے وسیع مواقع کی خاطر تاجر دوست تاجروں کے کندھے سے کندھا ملا کر مسائل حل کرنے کی کوشش کرے گا۔ کامیاب ہو کر سابقہ باڈیوں کے احتساب سمیت خود احتسابی کو عام کریں گے ۔ مساوی بنیادوں پر تاجروں کے حقوق اور اداروں سے مل کر باغ کو امن کا گہوراہ بنائیں گے۔ شدت پسندی ، نفرتوں ، تعصبات اور رنگ و نسل کی تمیز کو دفن کر کے عام تاجر کو مثالی بنائیں گے۔ انجمن تاجران کی باڈی تین سال تک عام تاجروں کے حقوق کے لیے کبھی بھی سر گرم دکھائی نہیں دی۔ جہاں ان کا ذاتی مفاد تھا وہاں تاجروں کو استعمال کر گئے اور تاجروں کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابی پروگرامات قندیل چوک ، فاضلیہ مارکیٹ اور زمان چوک میں منعقدہ مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تاجر دوست پینل کے خواجہ شبیر شمیم، بلال راتھر، راجہ ضمیر ، محسن انور، صغیر عباسی ، ساجد سرور ، شجاع بیگ، فارو ق بٹ ، ظہور سدوزئی ، گلزار بٹ، ملک وسیم اور دیگر نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر دوست پینل نے باغ کے تاجروں کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو پیش نظر رکھ کر اپنا پینل تشکیل دیا ہے تا کہ باغ کے تاجر امن و خوشحالی میں بہترین ماحول میں تجارت کر سکیں، اس لیے باغ کے تاجر آٹھ اپریل کو تالے پر مہر لگا کر تاجر دوست پینل کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں۔ اجتماعات میں باغبان پینل پر عدم اعتماد کرتے ہوئے درجنوں تاجر وں نے تاجر دوست پینل میں شمولیت اختیار کی جنہیں صدارتی اُمیدوار سید فاروق شاہ نے ہار ڈالے ۔

Author: News Editor

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.