سری دیوی کے انتقال پر حکومت پاکستان کی جانب سے بھی اہم بیان جاری، بھرپور خراج تحسین

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سری دیوی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سری دیوی ورسٹائل اداکارہ تھیں جنہوں نے یادگارکرداروں کی صورت میں فن کالوہامنوایا،وزیر مملکت کا کہناتھا کہ سری دیوی کے انتقال پر پوری دنیامیں موجود مداحوں کوافسوس ہے۔یاد رہے کہ بالی ووڈ کی نامور اداکارہ سری دیوی اچانک حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے چل بسیں۔54سالہ اداکارہ اپنے شوہر پونی کپور اور بیٹی کے ہمراہ کسی عزیز کی شادی کی تقریب کا حصہ بننے کے لئے دبئی میں موجود تھیں جہاں اچانک سینے میں تکلیف کے باعث انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔انتقال کی خبر سن کر ممبئی میں ان کے گھر پرستاروں کا تانتا بندھ گیا جب کہ مختلف شخصیات کی جانب سے سوشل میڈیا پر ان کی اچانک موت پر افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔سری دیوی 13 اگست 1963 کوپیدا ہوئیں اور انہوں نے 1978 میں ‘سولہواں ساون’ فلم سے اپنےکیریئر کا آغاز کیا اور اگلی ہی فلم ‘ہمت والا’ سے مقبول ہوگئیں، فلم ‘صدمہ’ میں سری دیوی کےکردار کو ان کی بہترین پرفارمنس قرار دیا جاتا ہے۔نٹ کھٹ اداؤں اور چمکتی آنکھوں والی سری دیوی نے اپنی اداکاری سے کروڑوں مداحوں کے دلوں پر راج کیا، چارلی چیپلن کی نقل ہو یا ناگن کا روپ، بیوی، ماں اور یا بیٹی، سری دیوی نے ہر کردار ایسا نبھایا کہ امر ہوگیا۔سری دیوی کو 5 بار ‘فلم فیئر’ ایوارڈ اور 2013 میں بھارت کے چوتھے بڑے ایوارڈ ‘پدم شری’ سے بھی نوازا گیا۔سری دیوی نے تامل، تیلگو، ملیالم اور ہندی فلموں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے اور وہ مسٹر انڈیا، چاندنی، ناگن، لمحے، وقت کی آواز اور خدا گواہ جیسی فلموں کی جان تھیں۔سری دیوی بالی وڈ میں رقص کو مرکزیت دینے والی اداکاراؤں میں سے ایک تھیںاور نوے کی دہائی ان کے نام رہی۔’موم’ ان کی آخری فلم ثابت ہوئی جس میں پاکستانی ادکارہ سجل اور عدنان صدیقی نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ۔اداکار متھن چکرورتی سے سری دیوی نے خفیہ شادی کی جو زیادہ عرصہ نہ چل سکی، 1996 میں انہوں نے پروڈیوسر بونی کپور سے شادی کی جس سے ان کی دو بیٹیاں جانوی اور خوشی ہوئیں۔

Author: News Editor

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.