مصرمیں موسیقی کے دل دادہ ایک نوجوان نے کوڑے کرکٹ میں پھینکی جانے والی ناکارہ اشیاء کی مدد سے آلات موسیقی تیار کرکے سب کو حیران کردیا۔عرب ٹی وی کے مطابق مصرکی جنوبی گورنری الاقصرسے تعلق رکھنے والے 27 سالہ شادی رباب کو موسیقی سننے اور آلات موسیقی جمع کرنے کا بے پناہ شوق ہے۔ اس نے اپنے اسی شوق کو ایک پیشے کی شکل دیتے ہوئے کوڑے کرکٹ کو کام میں لاتے ہوئے موسیقی کی مدھور دھنیں تیار کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ بے کار چیزیں بھی بعض اوقات کار آمد ہوسکتی ہیں۔شادی رباب نے کہاکہ ’میں نے دیکھا کہ بہت سے آلات موسیقی ریڈ انڈینز، افریقی، ترک اور دوسرے ملکوں یا خطوں سے نسبت رکھتے ہیں اور ان کی قیمتیں بھی ہماری پہنچ سے دور ہیں۔ میں کوڑے کرکٹ سے موسیقی کے آلات تیار کرنے کا عزم کیا اور میں اس میں کامیاب رہا۔اس نے بتایا کہ میں نے خالی بوتلوں، پانی کیلیے استعمال ہونے والے چھوٹے نلکوں اور دیگر بے کار اشیا کو ملا کو آلات موسیقی تیار کیے۔ان کا کہنا تھا کہ میرے تیار کردہ آلات موسیقی اور مختلف کارخانوں میں تیار ہونے والے مہنگے آلات موسیقی میں کوئی فرق نہیں۔ دھنوں اورمختلف سازوں میں یہ آلات موسیقی ان مہنگے آلات کے ہم پلہ ہیں۔ فرق صرف یہ ہے کہ میرے تیار کردہ آلات سستے ہیں اور دوسرے مہنگے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں شادی رباب نے کہا کہ اس کے تیار کردہ آلات موسیقی میں لکڑی، کچی دھاتیں،، شیشے کے ٹکڑے اور ہڈیاں استعمال کی جاتی ہیں۔مصری نوجوان نے اپنے تیار کردہ آلات موسیقی کی ایک نمائش کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ ماہ باقاعدہ ان آلات کو لوگوں کے سامنے پیش کریں گے۔ یہ آلات معیار میں عالمی سطح پر تیار ہونے والے آلات موسیقی کے برابر مگر قیمت میں بہت ارزاں ہیں۔
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments