پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر ٗ سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے بچے ٗ بہنیں ٗبزرگ اور مجاہدین اکیلے نہیں پوری پاکستانی قوم ساتھ ہے اور ساتھ رہے گی ٗ انشاء اللہ آپ کی آزادی کی تحریک کامیابی اور کامرانی سے ہمکنار ہو کر رہے گی ٗ بطور وزیر اعظم ہر فورم پر کشمیر کا مسئلہ اٹھایا اور آئندہ بھی اٹھاتے رہیں گے ٗ نوازشریف کیخلاف فیصلہ نہ آتا تو اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے اگلے دو چار سال سالوں میں کوئی بے روز گار نہ رہتا ٗ میرےسارےپروگرام پر پانی پھر گیا ہے ٗووٹ کو عزت دوگے تو پاکستان آگے بڑھے گا ورنہ خدانخواستہ پاکستان آگے نہیں بڑھ سکے گا ٗپاکستان سے فارغ ہو گیا ہوں ٗ میری ڈیوٹی آزاد کشمیر میں لگا دیں ٗ ہر سال آزاد کشمیر کے بجٹ میں اضافہ کرینگے ٗ سکول ٗ کالج ٗ یونیورسٹیاں بنائیں گے ٗ مظفر آباد سے دینہ اور مظفر آباد سے مانسہرہ تک چار رویہ موٹر وے بنے گا۔ پیر کو جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے محمد نوازشریف نے کہا کہ مظفر آباد کی تاریخ میں اتنا بڑا جلسہ شاید کبھی نہیں دیکھا ٗ پہلے ہم نے یہاں جو جلسہ کیاتھا اس سے یہ تین گنا بڑا جلسہ ہے۔ نوازشریف نے کہاکہ پاکستان کا کشمیر کیساتھ بڑا مضبوط رشتہ ہے اور میرا آپ کیساتھ خون کا رشتہ ہے ٗمقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں کیساتھ بھی خون کا رشتہ ہے ۔ نوازشریف نے کہاکہ میں نے شاہ غلام قادر کو کہا ہے ا س سے بڑا جلسہ کریں تو میں نیلم میں آؤنگا اس سے بڑا جلسہ نہیں ہوگا لیکن میں جاؤنگا ۔ نوازشریف نے کہا کہ میں نا اہل قرار دیدیا گیا ہوں ٗ آج یوم کشمیر ہے اس موضوع پر کیا بات کروں ٗ دل بہت دکھی ہے ۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف کی دلی خواہش تھی اور آج بھی ہے کہ میں آزاد کشمیر کے عوام کی خدمت کر وں آپ کے ساتھ میرا جو رشتہ ہے اسے کوئی نہیں توڑ سکتا ٗکوئی فیصلہ بھی اس رشتہ کو توڑ نہیں سکتا ٗ نوازشریف کا آزاد کشمیر کے ساتھ جورشتہ ہے اسے کوئی فیصلہ نہیں توڑسکتا ٗ میں آپ کیساتھ ہوں اور مجھے پتہ ہےآپ میرے ساتھ ہیں ۔ نوارشریف نے کہاکہ آج کا جلسہ بھی کسی پشاور سے کم نہیں ہے ٗ پشاور نے بھی کل بہت محبت کا ثبوت دیا ٗآج مظفر آباد بھی نوازشریف کیساتھ بہت پیا رکررہا ہے ۔ نوازشریف نے کہا کہ آپ سب کو سرینگر اور مقبوضہ کشمیر دیکھ رہا ہے ٗ آج مظفرآباد میں کھڑے ہو کر مقبوضہ کشمیر کے تمام بچوں ٗ بہنوں ٗ بزرگوں اور مجاہدین کو کہنا چاہتا ہوں کہ تم اکیلے نہیں ٗ اپنے آپ کو کبھی اکیلا محسوس نہیں کر نا پوری پاکستانی قوم آپ کے ساتھ ہے ٗ پہلے بھی ساتھ تھی ٗآج بھی ساتھ ہےاور آنے والے کل میں بھی آپ کے ساتھ ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی قومی کشمیری بھائیوں کو کبھی نہیں چھوڑے گی ٗ آپ جدوجہد کررہے ہیں ٗ ہماری دعائیں آپ کیساتھ ہیں ٗآپ کا درد ہمارا درد ہے ٗ جس طرح سے آپ ظلم بر داشت کررہے ہیں ہم آپ کی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں ٗجس بہادری کیساتھ آپ اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں ہمارے دل آپ کیساتھ ہیں ٗہمارے دلوں کی دھڑکن آپ کیساتھ ہے ۔ نوازشریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گن کے ذریعے فائر کئے جاتے ہیں ٗجسم زخمی ہو جاتے ہیں ٗگولیاں آنکھوں میں لگتی ہیں ٗ ہمارے کشمیری بھائی اندھے ہوئے ہیں لیکن گھبرائے نہیں ٗاللہ تعالیٰ آپ کے ساتھ ہے ٗ جب وہ شہید ہوتے ہیں تو پاکستان کے پرچم کے اندر لپیٹ کر دفن کیا جاتا ہے ۔نوازشریف نے مقبوضہ کشمیرکے کشمیریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ ایک نئی تاریخ رقم کررہے ہیں ٗ ہم آپ کیساتھ یکجہتی کا اظہارکررہے ہیں انشا ء اللہ آپ کا کوئی بال بھی بیکا نہیں کرسکتا ٗ انشاء اللہ آپ کی آزادی کی تحریک کامیابی اور کامرانی سے ہمکنار ہو کر رہے گی یہ پورا آزاد کشمیر میرے ساتھ ملکر دعا کررہا ہے ٗاللہ تعالیٰ تحریک آزادی کو جلد کامیاب کرے ٗ اللہ تعالیٰ آپ پر فضل و کرم کرے اور انشاء اللہ ساری قوم آپ کی جرات کو سلام کرتی ہے ٗ جہاں جہاں بھی ممکن ہو ا ٗ جس فورم پر چاہے اقوام متحدہ کا فورم ہو یا یا کوئی اور فورم ہو ہم آپ کامسئلہ اٹھاتے رہیں گے ۔ نوازشریف نے کہا کہ نوازشریف نے بطور وزیر اعظم یہ کام بہت خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیا ہے ٗنوازشریف نے ہر فورم پر کشمیر کی بات کی ہے ٗآپ کی جدوجہد کی بات کی ہے ٗ تحریک آزادی کی بات کی ہے ٗ میرے لئے فخر کی بات ہے ٗآج بھی ٗکل بھی ٗیہ کام کرتے رہیں گے ٗ اپنا فرض سر انجام دیتے رہیں گے ۔نوازشریف نے کہاکہ ہر جلسے میں مجھے نو جوان ہی نوجوان نظر آتے ہیں پتہ نہیں کتنے کے پاس روز گار ہے یا کتنوں کے پاس نہیں ہے ہم جس ایجنڈے پر کام کررہے تھے جن کے پاس روز گار نہیں ہے مجھے یقین تھا کہ اللہ کے فضل وکرم سے دو ماہ ٗچھ ماہ یا اگلے سال تک ان کو با عزت روز گار ملتا ۔انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر اور پاکستان کے وجوان دونوں برابر ہیں ٗ میرے لئے دونوں مقدس ہیں ٗ جتنا پیار پاکستانی نو جوان سے کرتا ہوںاتنا پیار آزاد کشمیر کے نوجوان کے ساتھ کرتا ہوں ٗجتنا دل پاکستانیوں کیلئے دل دھڑکتا ہے اتنا دل آپ کیلئے دھڑکتا ہے ٗ آزاد کشمیر کے نو جوانوں کوپاکستان کی ترقی میں حصہ ملنا چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف کیخلاف فیصلہ نہ آتا تو اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے اگلے دو چار سال سالوں میں کوئی بے روز گار نہ ہوتا ٗ سب کے پاس با عزت روز گار ہوتا ٗ رہنے کیلئے چھت ہوتی ٗ مکان ہوتا ٗ سب کو انصاف ملتا ٗ ایسا انصاف اگر کسی نے جرم کیا تو تین ماہ میں مجرموں کو کیفر کر دار تک پہنچایا جاتا ٗ لوگوں کو سستااور فوری انصاف ملتا ٗ میرے بڑے پروگرام تھے جن پر پانی پھر گیاہے ٗ کبھی کبھی انسان کے خلاف اس طرح کے فیصلے آ جاتے ہیں۔ اس موقع پر نوازشریف نے نعرے لگوائے کہ ووٹ کو عزت دو ٗ پاکستان کو عزت دو ٗ قوم کو عزت دو۔ انہوں نے کہاکہ یہ ہوگا تو پاکستان آگے بڑھے گا ورنہ پاکستان بیٹھ جائیگا خدانخواستہ پاکستان آگے نہیں بڑھ سکے گا ۔ نوازشریف نے کہاکہ راجہ فاروق حیدر خان آپ سے محبت کرتے ہیں ٗ میرا نام لیتے ہوئے جذباتی ہو گئے ٗجذباتی اتنے ہوگئے واقعاً بات نہیں کر سکے ٗمیں یقین دلاتا ہوں کہ جس قابل بھی ہوں آپ کی خدمت کرتا رہونگا ٗ آپ کے ایجنڈے میں پوری مدد کرونگا ۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آج پاکستان کی سیاست پر بات کر نے کا موقع نہیں ہے ٗ آپ کے نوازشریف کا اللہ کے فضل و کرم سے ہاتھ صاف ہیں ٗ میرے خلاف فیصلہ آیا ہے کہ حسن نواز شریف سے تنخواہ نہیں لی ٗمیری چھٹی کرادی گئی ہے کیا اس سے نوازشریف نا اہل ہوگیا ہے اس موقع پر شرکاء نے نامنظور نامنظور کے نعرے لگائے ۔ نواز شریف نے کہاکہ آپ کو نوازشریف پر اعتبار ہے ٗ آپ سمجھتے ہوخدانخواستہ نوازشریف کرپٹ ہے جس پر ’’نہیں ٗ نہیں ‘‘کی آوازیں آئیں ۔ اس پر نوازشریف نے کہا کہ تو پھر میرے خلاف کیوں فیصلہ سنایا گیا ٗ ایک بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر کیا باپ یا وزیر اعظم نا اہل ہوجاتا ہے ٗ نوازشریف نے کہاکہ راجہ صاحب کو کہا ہے کہ آپ آزاد کشمیر کے چپہ چپہ پر ہسپتال بنائیں گے ٗ کالج ٗ سکول ٗ یونیورسٹیاں بنائیں ٗ سڑکیں بنائیں ٗ جو یہ مانگتے ہیں ان کو دیں ٗ مسلم لیگ (ن)کی حکومت آئیگی جتنا پیسہ چاہیے ہم دینگے ٗ بجٹ کو دوگنا کیا ہے نوازشریف نے آزاد کشمیر کے ترقیاتی بجٹ کو دوگنا کیا ہےٗہر سال اس میں اضافہ ہوتارہے گا ٗبے حساب اضافہ ہوتا رہے گا ٗ مظفر آباد لاہور کے مقابلے کا شہر بنے گا ٗ آپ کی بھرپور خدمت کرتے رہیں گے ٗ ہسپتال بنیں گے ٗ مظفر آباد سے میر پور دینہ تک چار رویہ موٹر وے بنائی جائیگی یہ منصوبہ منظور ہو چکا ہے ا دھر مانسہرہ تک بھی چار رویہ موٹر وے بنائی جائیگی ٗآزاد کشمیر کے اندر سڑکوں کا جال بچھے گا ۔ نوازشریف نے کہا کہ اب پاکستان سے فارغ ہوگیا ہوں ٗ میری ڈیوٹی آزاد کشمیر میں لگا دیں ٗپاکستان سے نا اہل ہوگیا ہوں لیکن آزاد کشمیر کیلئے تو اہل ہوں ٗیہاں تو نا اہل نہیں ہوا۔نوازشریف نے کہا کہ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ میں اورراجہ صاحب کی ٹیم آزاد کشمیر کے چپہ چپہ میں جائیں گے سب کچھ بنائیں گے جو آج تک نہیں بن سکا ٗمجھے پہاڑ بہت اچھے لگتے ہیں ٗآپ کی خدمت کریں گے اس سے بڑا ثواب کا کام اور کیا ہوسکتا ہے ٗ انشاء اللہ آپ کی دعائیں قبول ہونے والی ہیں ٗ جب نیت نیک ہوتی ہے تو دعا ئیں قبول ہوتی ہیں آپ نے نوازشریف کا دل خوش کر دیا ہے ٗ یہ محبت کہاں ملتی ہیں ٗ یہ محبت پیسوں سے خریدی نہیں جاسکتی یہ اللہ تعالیٰ نے آپ کے دلوں میں محبت ڈالی ہے ٗمیری دل بھی آپ کیلئے بہت محبت ہے ٗ میرے دل پڑھیں ٗآپ میرے ہیں اور میں آپ کا ہوں یہ ساتھ انشا ء اللہ کبھی نہیں ٹوٹے گا ۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نوازنے کہا کہ میں میاں صاحب سے کہہ رہی تھی کہ آپ کے بعد کیسی بات کرسکتی ہوں ٗ ان کے حکم پر بعد میں بات کررہی ہوں ٗ آپ سب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کے بعد آزاد کشمیر کا میرا پہلا دورہ ہے آپ نے آزاد کشمیر کے الیکشن میں نوازشریف پر اعتماد کا اظہار کیا ٗ شیر پر اعتماد کا اظہار کیا جس پر آپ سب کی بہت شکر گزار ہوں ۔مریم نواز نے کہا کہ میاں صاحب کو راستے میں کہہ رہی تھی کہ کشمیریوں نے ایک سیٹ بھی کسی اور کو نہیں دی ۔انہوں نے کہاکہ آج آپ سے بھی مخاطب ہوں اور مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں سے بھی مخاطب ہوں ٗ میرا دل آپ کیساتھ بھی دھڑکتا ہے اور اس پار کشمیر میں رہنے والے کشمیریوں کیساتھ بھی دھڑکتا ہے ۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ جب زخم آپ کے جسم پر لگتے ہیں وہ زخم ہمارے دل پر لگتے ہیں ۔مریم نوازشریف نے کہاکہ میں نوازشریف کی بیٹی ہوں نہ صرف میرا دل کشمیر کے ساتھ دھڑکتا ہے بلکہ میری رگوں میں بھی کشمیری خون ہے ۔ہم آزاد کشمیر میں کھڑے ہو کر کشمیر کا دن منا رہے ہیں ٗدعا کریں انشا اللہ وہ دن بھی آئے کہ ہم سرینگر میں غلامی سے نجات کا دن منائیں انشا ء اللہ وہ دن آئیگا وقت بدل گیا ہے اب بندقوں اور گولوں سے کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا ٗاللہ تعالیٰ ہمارے مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں اور بزرگوں کو حفظ و امان میں رکھے ۔
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments