سیالکوٹ کی ۔ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2 خواتین شہید جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گذشتہ رات سے جاری بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے 2 خواتین شہید جبکہ 3 خواتین سمیت 5 شہری زخمی ہوگئے جس کے جواب میں پاکستان رینجرز پنجاب نے بھارتی فوج کی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا اور بھارتی سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹیں تباہ کرد یں۔بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات جاری ہیں، گزشتہ ہفتے
بھی بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر کوٹلی اور جندروٹ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی جس کی زد میں آ کر 4 پاکستانی فوجی جوان شہید ہوئے۔ پاکستانی فوجی مواصلاتی نظام کیلئے لائن کی مرمت میں مصروف تھے، بھارت نے بھاری مارٹر گولے فائر کیے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے دشمن کی شرانگیزی کا موثر انداز میں جواب دیتے ہوئے بھارتی چوکی کو نشانہ بنایا جس سے 3 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے، جس پر پاکستان نے قائم مقام بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا تھا۔ جس پر پاکستان نے عام شہریوں کو نشانہ بنانے پر بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ نئی دہلی کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کسی ’اسٹریٹیجک غلطی‘ کا باعث بن سکتی ہے۔