بالی وڈ کی نامور اداکارہ سری دیوی اچانک حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے چل بسیں۔54 سالہ اداکارہ اپنے شوہر پونی کپور اور بیٹی کے ہمراہ کسی عزیز کی شادی کی تقریب کا حصہ بننے کے لئے دبئی میں موجود تھیں جہاں اچانک سینے میں تکلیف کے باعث انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔انتقال کی خبر سن کر ممبئی میں ان کے گھر پرستاروں کا تانتا بندھ گیا جب کہ مختلف شخصیات کی جانب سے سوشل میڈیاپر ان کی اچانک موت پر افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔سری دیوی 13 اگست 1963 کوپیدا ہوئیں اور انہوں نے 1978 میں ‘سولہواں ساون’ فلم سے اپنےکیریئر کا آغاز کیا اور اگلی ہی فلم ‘ہمت والا’ سے مقبول ہوگئیں، فلم ‘صدمہ’ میں سری دیوی کےکردار کو ان کی بہترین پرفارمنس قرار دیا جاتا ہے۔نٹ کھٹ اداؤں اور چمکتی آنکھوں والی سری دیوی نے اپنی اداکاری سے کروڑوں مداحوں کے دلوں پر راج کیا، چارلی چیپلن کی نقل ہو یا ناگن کا روپ، بیوی، ماں اور یا بیٹی، سری دیوی نے ہر کردار ایسا نبھایا کہ امر ہوگیا۔سری دیوی کو 5 بار ‘فلم فیئر’ ایوارڈ اور 2013 میں بھارت کے چوتھے بڑے ایوارڈ ‘پدم شری’ سے بھی نوازا گیا۔سری دیوی نے تامل، تیلگو، ملیالم اور ہندی فلموں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے اور وہ مسٹر انڈیا، چاندنی، ناگن، لمحے، وقت کی آواز اور خدا گواہ جیسی فلموں کی جان تھیں۔سری دیوی بالی وڈ میں رقص کو مرکزیت دینے والی اداکاراؤں میں سے ایک تھیں اور نوے کی دہائی ان کے نام رہی۔’موم’ ان کی آخری فلم ثابت ہوئی جس میں پاکستانی ادکارہ سجل اور عدنان صدیقی نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ۔اداکار متھن چکرورتی سے سری دیوی نے خفیہ شادی کی جو زیادہ عرصہ نہ چل سکی، 1996 میں انہوں نے پروڈیوسر بونی کپور سے شادی کی جس سے ان کی دو بیٹیاں جانوی اور خوشی ہوئیں۔
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments