فیس بک کے سربراہ مارک زکر برگ نے سوشل میڈیا پر فحش، پرتشدد اور نفرت انگیز مواد ہٹانے کے لیے مزید 20 ہزار افراد بھرتی کرنے کا اعلان کیا ہے۔فیس بک کے مطابق اگر متنازع پوسٹ یا تصویر کو کوئی یوزر فلیگ کرتا ہے تو اس کے فوراً بعد فیس بک کی جانب سے بھرتی کردہ نگراں اسے دیکھتے ہیں تاہم ان کی تعداد بہت کم ہے کیونکہ فیس بک پر اس وقت ایک ارب سے زائد صارفین موجود ہیں اور ان کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔فیس بک کے بانی کا کہنا تھا کہ اس سال کے آخر تک ہم مزید 20 ہزار سے زائد افراد بھرتی کرلیں گے جو کنٹینٹ اور سیکیورٹی کا جائزہ لیں گے جیسے ہی کوئی کسی پوسٹ پر فلیگ (فیس بک میں موجود جھنڈے کا آئکن) لگاتا ہے تو فوری طور پر اس کا جائزہ لیا جاتا ہے اگر اس میں فحاشی ، نفرت انگیزاور دیگر منفی مواد ہوتا ہے تو اسے فوری طور پر بلاک کردیا جاتا ہے۔
اس کام کے لیے اب تک فیس بک 7500 افراد بھرتی کرچکا ہے جنہیں ریوور کہا جاتا ہے جب کہ ان میں کل وقتی ملازمین بھی ہیں اور ساتھ میں دیگر اداروں کی جانب سے فراہم کردہ ماہرین بھی موجود ہیں۔ ان میں سے بھرتی کردہ بعض افراد مقامی زبانیں جانتے ہیں اور ساتھ ہی مارکیٹ کی معلومات بھی رکھتے ہیں علاوہ ازیں یہ اپنے لحاظ سے علاقائی مسائل، سیاسی حالات اور شخصیات سے بھی واقف ہوتے ہیں۔اگرچہ فحش مواد کو فوری طور پر پہچاننا آسان ہوتا ہے لیکن کسی مخصوص ملک اور علاقے سے پوسٹ کیے جانے والے اشتعال انگیز مواد کی کھوج اور تعین مشکل ہوتا ہے۔
فیس بک نے بتایا کہ ان افراد کو اوسط معاوضے سے زیادہ رقم دی جاتی ہے کیونکہ ان کا کام بہت احتیاط پر مبنی ہوتا ہے اور یہ افراد انتہائی تشدد زدہ ویڈیوز، کراہیت بھری تصاویر دیکھتے اور نفرت بھرے پیغامات پڑھتے ہیں۔ ان افراد کی تربیت اور مدد کے لیے فیس بک انہیں باقاعدگی سے ماہرینِ نفسیات اور معالجین کے پاس بھی بھیجتا رہتا ہے۔مارک زکر برگ نے مزید بتایا کہ وہ انسانی مدد کے ساتھ ساتھ مصنوعی ذہانت (آرٹی فیشل انٹیلی جنس) کو بھی استعمال کررہے ہیں جس سے کسی شکایت سے پہلے ہی القاعدہ اور داعش کے مواد کو 99 فیصد درستگی کے ساتھ روکنے میں مدد ملی ہے۔ اس طرح اگلے چند برس میں ناپسندیدہ پوسٹ کو ازخود انداز میں روکنا ممکن ہوجائے گا۔
Load/Hide Comments