شدیددھند کے باعث گڈو تھرمل پاور اسٹیشن کے تمام یونٹ ٹرپ ہو گئے۔گڈو تھرمل پاور اسٹیشن ٹرپ کرنے سے سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے کئی علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ذرائع کے مطابق یونٹ 5 سے 15 تک کے یونٹوں سے بجلی کی پیداوار معطل ہوگئی ہے جس سے جعفر آباد، نصیرآباد، صحبت پور، بولان، راجن پور اور رحیم یار خان کو بجلی کی فراہمی بند ہوگئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاور اسٹیشن ٹرپ پونے سے متاثر ہونے والے علاقوں میں کشمور، کندکوٹ، تنگوانی، جیکب آباد، شکارپور اور لاڑکانہ شامل ہیں۔ ادھرملک کے میدانی علاقوں میں دھندمیں راستے گم ہوگئے، حد نگاہ صفر ہونے سے موٹرویز کئی مقامات پر بند کر دی گئی۔ دھند کے باعث کئی پروازیں اپنے مقررہ وقت پر اڑان نہ بھر سکیں، ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔تفصیلات کے مطابق، پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج بر قرار ہے ، کئی مقامات پر حد نگاہ صفر رہی، موٹر وے کے مختلف سیکشنز بند کر دیئے گئے، ڈرائیوز کو فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی۔ نیشنل ہائی وے بھی دھند کے باعث دھند لائی رہی۔ پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی تک کئی مقامات پر حد نگاہ صفر رہی۔ خانیوال، ملتان موٹر وے دھند کے باعث رات بھر بند رہی۔ دھند کے باعث ایئرپورٹس پر بھی پروازوں کا شیڈول متاثر رہا، کئی پروازیں اڑان نہ بھر سکیں، ٹرینیں بھی رینگ رینگ کر چلتی رہیں۔جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے، سکردو میں پارہ منفی 9، کالام میں منفی 7 اور کوئٹہ میں منفی 6 تک گر گیا۔ موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تا ہم صبح اور رات کے اوقات میں پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments